کوالالمپورکانفرنس میں شرکت نہ کرنے پر افسوس ہے، وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیئن وزیراعظم مہاتیرمحمد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے عوام کے درمیان گہرے تعلقات ہیں جبکہ سرمایہ کاری اور تجارت کا مستقبل بھی بہت شاندار ہے، اسلام کا حقیقی تشخص اجاگرکرنے کے لیے بھی دونوں ممالک کام کررہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ کشمیرسے متعلق ملائیشین وزیراعظم کےمؤقف کے مشکورہیں، اس پر بھارت نے ملائیشیا کا پام آئل بھی بند کردیا، پاکستان سی پیک کےذریعے چینی مارکیٹ سے منسلک ہوگیا ہے اورپام آئل کی فروخت میں ملائیشیاکی مددکریگا، مہاتیرمحمد کو کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا، مقبوضہ کشمیرکی صورتحال انتہائی سنگین ہے، سیاسی رہنماؤں اور نوجوانوں کوگرفتارکیا جارہا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد نے کہا کہ مسلم امہ میں یکجہتی کے فروغ کیلئے دونوں ممالک ایک دوسرے سے تعاون کریں گے، پاکستانی وزیراعظم سے باہمی تعاون سے متعلق جامع مذاکرات پربات چیت ہوئی اور ہرسطح پررابطوں کے فروغ پراتفاق کیا گیا۔
مہاتیرمحمد نے مزید کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا گیا، تجارتی رکاوٹیں دورکرکے باہمی تجارت کے فروغ پراتفاق کیا گیا، سیاحت، تعلیم، دفاع اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون بھی بڑھایا جائے گا۔