Feb 05, 2020 08:32 pm
views : 247
Location : Different Places
Karachi- Bilawal urges world to ensure human rights in Indian occupied Kashmir
کراچی، نہتے کشمیریوں پر مودی کے مظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہیں، بلاول بھٹو
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیر کے ہزاروں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، حقِ خودارادیت کی خاطر بدترین جبر و بربریت کا سامنا کرنے والی کشمیری عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کے قراردادوں کی روشنی میں استصواب رائے ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر کے تصفیہ طلب معاملے پر اپنی ذمہ داری سے مزید صرفِ نظر کی متحمل نہیں ہو سکتی، مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے سیاسی عزم اور عالمی ضمیر کے جاگنے سے ہاتھ بھر کی دوری پر ہے، جنت نظیر وادی میں 185 دنوں سے لاک ڈاوَن جاری ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نہتے کشمیریوں پر مودی کے مظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہیں اور کشمیریوں کی سات دہائیوں سے جاری جدوجہد کو بھارت دبانے میں ہمیشہ ناکام ہوا جب کہ پاکستانی قوم کا دوٹوک موقف ہے کہ کشمیر ہمارا شہ رگ اور اٹوٹ حصہ ہے، پاکستان کا ہر شہر، گلی اور گاوَں آج یک آواز ہیں کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں و بہنوں کے ساتھ ہیں۔