Feb 27, 2020 11:15 am
views : 257
Location : Domestic Place
Karachi- Pakistan has confirmed two cases of coronavirus, Both cases are being taken care of according to clinical standard protocols.
کراچی، پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آگئے
http://www.tnnasia.tv
کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں سامنے آگیا، 22 سالہ شخص یحییٰ جعفری میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ دوسرے مریض کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئےکہا ہے کہ دونوں مریضوں کا اسپتال میں علاج کیا جارہا ہے اور دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کی ہے کہ یحییٰ جعفری اور اس کے اہلخانہ کو مخصوص وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق یحییٰ جعفری نامی نوجوان چند روز قبل ہوائی جہاز کے ذریعے ایران سے کراچی پہنچا ہے۔حفاظتی انتظامات کے تحت متاثرہ شخص کے اہلخانہ کی بھی نگرانی کی جارہی ہے اور انہیں بھی مخصوص وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ شخص کے ساتھ سفر کرنے والے دیگر افراد کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان سوسائٹی اسکیم 33 کا رہائشی یحییٰ جعفری 2 دوستوں کے ہمراہ ایک گروپ کے ساتھ 6 فروری کو ایران روانہ ہوا تھا،امام خمینی ائیرپورٹ تہران میں وہ صحت یاب حالت میں پہنچا تھا۔
یحییٰ جعفری 10 فروری کو تہران سے قُم پہنچا اور فلُو کا شکار ہوا،18 فروری کو اسے بخار،سردرد،ناک کا بہنا اور جسم میں درد شروع ہوا، 6 روز بعد کراچی کے نجی اسپتال میں ٹیسٹ کروایا تو کورونا کی تصدیق ہوئی جس کے بعد اسے خصوصی وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکام وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس کا دوسرا کیس اسلام آباد میں سامنے آیا ہے، متاثرہ شخص کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ(این آئی ایچ) نے متاثرہ شخص کے ٹیسٹ کے بعد کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے جس کے بعد اسے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( پمز) میں آئیسو لیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔