کراچی، سندھ کی ثقافت کو متعارف کراتی ہالا ہینڈی کرافٹس
پاکستان میں صوبہ سندھ کے ہنر مند اپنی پرکشش دستکاری کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں،ان کی بنائی ہوئی دلکش مصنوعات نہ صرف پاکستان کی تمام قومیتوں میں مشہور و معروف ہیں بلکہ بیرون ممالک میں بھی اپنی ایک نمایاں پہچان اور طلب رکھتی ہے، جب بات کی جائے دستکاری کی تو اس حوالے سے سندھ کا ضلع ہالا کسی تعارف کا محتاج نہیں، یہاں مختلف اقسام کی خوبصورت رنگوں اور خوشنما پھولوں والی چادریں، تکئے، رلیاں، خوبصورت نقش و نگار کے حامل گلدان، جھولے، خواتین کے دستی بیگ، کرتے، جوتے، برتن وغیرہ بنائے جاتے ہیں، جنہیں ملک بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔
ہالا کے شہری فاروق احمد نے حال ہی میں کراچی میں بہادر آباد کے مقام پر ہالا ہینڈی کرافٹ کے نام سے ایک دکان بنائی ہے، جہاں سندھ کی تمام قدیم دستکاری موجود ہیں۔
اس حوالے سے دکان کے مالک فاروق احمد نے بتایا کہ سندھی ثقافت،قدیم دستکاریوں اور فن پاروں کے شوقین افراد بڑی تعداد میں اس دکان کا رخ کرتے ہیں اور یہاں سے فن پارے خرید کر اپنے بیڈ روم کو سجاتے ہیں جبکہ اپنے عزیزوں کو تحفے کے طور پر بھی پیش کرتے ہیں، اگر حکومت اس شعبے پر مناسب توجہ دے تو نہ صرف بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ان فن پاروں کی برآمدات سے کثیر زرمبادلہ بھی کمایا جاسکتا ہے۔