Mar 07, 2020 12:30 pm
views : 279
Location : Domestic Place
Islamabad- PM Khan calls meeting to assess Pakistan Citizens Portal's effectiveness
اسلام آباد، آٹا چینی بحران کے ذمہ دار کو نہیں چھوڑوں گا چاہے کتنا ہی طاقتور ہو،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے عزم کیا ہے کہ آٹا چینی بحران کے قصوروار کو وہ نہیں چھوڑیں گے چاہے وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔
وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ارکان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صبح اٹھ کر موبائل دیکھتا ہوں تو پتا چل جاتا ہے کہ آج کس بحران کا مقابلہ کرنا پڑے گا، اپوزیشن کچھ نہ کرے تو اپنا ہی کوئی وزیر ایسا بیان دے دیتا ہے کہ اسکو سنبھالنا مشکل ہو جاتا ہے، ایسے بھی وزیر ہیں جو دفتر سے زیادہ اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں بیٹھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مثبت تنقید بالکل ہونی چاہیے لیکن حکومت پر حملہ کرنے سے پہلے تصدیق کرلیں کہ خبر سچی ہے یا جھوٹی، حکومت کے خلاف جان بوجھ کر جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، اکثر ہمارے اپنے لوگ ہی میڈیا کی جھوٹی خبر اور پراپیگنڈے میں آجاتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر وقت بحران کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہتا ہوں، آٹا چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ سامنے لائی جائے گی، جو بھی اس میں قصور وار نکلا اسکو میں نہیں چھوڑوں گا چاہے وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ مایوسی کفر ہے اچھا وقت جلد آئے گا۔
دوسری طرف ملک میں گزشتہ دنوں آٹے کے بحران کے ذمہ داروں کا پتہ لگانے کیلئے بنائی گئی خصوصی کمیٹی نے اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ وزیر اعظم آفس بھجوادی ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں حالیہ آٹا بحران کو مصنوعی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں گندم کا بحران نہیں تھا بلکہ مصنوعی قلت پیدا کی گئی، ملک میں اب بھی 21 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں آٹے اور گندم کے بحران کی بنیادی وجہ بد انتظامی تھی۔