لاہور، خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید قانون سازی کی جارہی ہے،فردوس عاشق اعوان
وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید قانون سازی کی جارہی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں منعقدہ عالمی یوم خواتین کی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ آج کا دن ہم سب کو اپنی ماؤں کو سلام کرنے کا دن ہے، آج خوش قسمتی سے پاکستان بدل رہا ہے، نئے پاکستان میں خواتین کو ان کے تمام حقوق ملیں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج خواتین زندگی کے ہر محاذ پر فعال کردار ادا کررہی ہیں، مجھے فخر ہے کہ میرا تعلق اسلامی فلاحی ریاست سے ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے اس دوران مقبوضہ کشمیر کی خواتین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی بیٹیوں کا ذکر کر کے آج ہمیں دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنا ہے، انسانی حقوق کے ادارے کشمیر کی بیٹیوں کے حقوق پر خاموش ہیں، بھارتی جارحیت عروج پر ہے، ہمیں دختران کشمیر کا مسئلہ اٹھانا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی معیشت اور درپیش مسائل سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی سطح پر مشکلات کا شکار ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، پاکستان کی خواتین باصلاحیت ہیں، پاکستان میں خواتین نے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ صرف 8 مارچ ہی کیوں ہر دن خواتین کو بااختیار بنانے کا دن ہے۔