کراچی،پاکستان کسٹمز کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ کی کارروائی ، ڈیڑھ ہزار من سے زائد گٹکا برآمد کرلیا
پاکستان کسٹمز کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے سائیٹ ایریا میں میٹرو اسٹور کے قریب ایک بڑے گودام پر چھاپہ مار کر ڈیڑھ ہزار من سے زائد گٹکا برآمد کرلیا ہے۔
کارروائی کرنے والی پاکستان کسٹمز کی انٹیلی جنس ٹیم کے ایک رکن مالک بلوچ کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپا آج صبح سویرے مارا گیا اور دوپہر تک جاری کارروائی میں چھالیہ اور گٹکے سے بھرے 11 ٹرک کسٹم ہاؤس منتقل کیے جا چکے تھے۔
مالک بلوچ نے ایک اندازہ کے مطابق بتایا کہ 60 ٹن سے زائد مال کسٹم منقتل کیا جا چکا تھا جو پندرہ سو من سے زائد بنتا ہے۔
کسٹمز آفیسر مالک بلوچ کے مطابق یہ گودام کس کا ہے اور مال کب اور کہاں سے اس گودام میں پہنچایا گیا؟ اس بارے میں تفتیش کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گودام کے بعض چوکیداروں کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
آج چھٹی ہونے کی وجہ سے کچھ کارروائی ممکن نہیں تھی جو کل سے شروع کی جائے گی۔
گٹکا اور چھالیہ کو ممنوعہ اور منشیات قرار دیے جانے کے بعد پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں میں یہ سب سے بڑی کارروائی بتائی گئی ہے۔