Mar 08, 2020 10:26 pm
views : 238
Location : Different Cities
Karachi- Aurat March 2020: Nationwide demonstrations held to celebrate womanhood, demand equality
کراچی،عالمی یوم خواتین پر ملک کے مختلف شہروں میں ’عورت مارچ‘ کا انعقاد
عالمی یوم خواتین پر لاہور ، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ’عورت مارچ‘ کا انعقاد کیا گیا۔
کراچی کے فریئر ہال میں عورت مارچ کے شرکاء جمع ہوئے جس میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی نمایاں شخصیات سمیت خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
اس موقع پر شرکاء نے خواتین کے خلاف منفی سماجی رویوں کے خلاف نعرے لگائے اور خواتین کو حقوق دینے کا مطالبہ کیا۔
لاہور میں بھی عورت مارچ کے شرکاء نے پریس کلب سے ایوان اقبال تک ریلی نکالی، اس دوران نوجوان فن کاروں کی جانب سے اپنے فن کا مظاہرہ کیا گیا اور خواتین کے مسائل کی نشاندہی کے لیے اسٹریٹ تھیٹر پیش کیا گیا۔
مارچ میں خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے، اس موقع پر خواتین نے خوب نعرے بھی لگائے جبکہ خواتین کے ساتھ مردوں نے بھی عورت مارچ میں شرکت کی،مارچ کی شرکاء نے کہا کہ برابری کے حقوق مانگے کے لیے سڑکوں پر آئی ہیں۔
عورت مارچ کے شرکاء کی حفاظت کے لیے خواتین پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے ڈیوٹی سرانجام دی۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر عورت مارچ میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر عورت مارچ کے منشور پر مشتمل نعرے درج تھے۔
اسلام آباد میں عورت مارچ کے شرکاء پر بعض افراد نے پتھراؤ بھی کیا اور جوتے پھینکے جس کے باعث عورت مارچ کے شرکاء کو وہاں سے جانا پڑا، پتھراؤ اس وقت کیا گیا جب مارچ اختتام کو پہنچ رہا تھا۔
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے ریلیوں اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا ۔
ایک خاتون گل رخسار مجاہد کا کہنا تھا کہ ہم پدر شاہی کو بڑھاوا دینے واکے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں،سماج میں سب سے ذیادہ محنت کش عورت کی حق تلفی ہوتی ہے۔