اسلام آباد، غلام سرور خان اور زلفی بخاری کا اسلام آباد ائیرپورٹ کے کرونا اسکیننگ نظام کا معائنہ
وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے اسلام آباد ائیرپورٹ کا دورہ کیا، معاون خصوصی برائے اوورسیز ذوالفقار بخاری بھی ہمراہ تھے، دونوں نے کرونا وائرس کی اسکیننگ کے نظام کا جائزہ لیا۔
وزیر ہوابازی غلام سرور خان اور معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں سے ان کے مسائل بھی دریافت کیے، پشاور ائیرپورٹ کی انٹرنیشنل فلائٹس کو اسلام آباد اتارا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر زلفی بخاری نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیاہے اور مسافروں کی فلائٹس کا جائزہ لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب نے آج سے دو ہفتے کے لئے بین الاقوامی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے،جس کے باعث زلفی بخاری نے ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے مسافروں کی فلائٹس کا جائزہ لیا۔
ترجمان اوورسیز پاکستان کے مطابق زلفی بخاری کی ہدایت پر پی آئی اے نے عمرہ ادائیگی کے لئے گئے پاکستانیوں کی واپسی کو یقینی بنانے کے لئے چھ اضافی پروازوں کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ پشاور سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے تمام مسافروں کو پشاور سے اسلام آباد آمدورفت فراہم کی گئی تھی
اس کے علاوہ مسافروں کی رہنمائی کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پراوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کا خصوصی کاؤنٹر قائم کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان سول ایوی ایشن نے سعودی سول ایوی ایشن کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ مسافروں کو بہتر گھنٹوں میں منزل تک پہنچانا ممکن نہیں لہذا پچیس مارچ تک کا وقت دیا جائے۔سول ایوی ایشن کے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت پانچ ہزار کے قریب پاکستانی سعودی عرب سے واپس آنا چاہتے ہیں۔