اسلام آباد،کورونا کے خلاف جنگ جیتیں گے،عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ملک میں افراتفری پھیل رہی ہے لیکن ہم نے 15 فروری کو ہی کورونا کے خلاف اقدامات کا فیصلہ کرلیا تھا، عوامی تکلیف سے فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔
وزیراعظم نے سرکاری ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں میں سے 97 فیصد صحت یاب ہوجاتے ہیں صرف تین فیصد اموات کا امکان ہے دنیا بھر میں یہ وائرس پھیلا اور یہاں بھی پھیلنے کا امکان ہے لیکن ہمیں گھبرانے کے بجائے احتیاط کے ساتھ اس کا مقابلہ کرنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے سوچا کہ کورونا وائرس کے 20 کیس سامنے آگئے اس لیے شہر بند کردیا جائے لیکن میں قوم کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ ہمارے ایسے حالات نہیں جیسا کہ یورپ اور امریکا کے ہیں، یہاں 25 فیصد لوگ تو بالکل ہی غریب ہیں اور بقیہ لوگ بھی معاشی مشکلات ہیں اگر ہم شہر کے شہر بند کردیں تو لوگ بھوک سے مرجائیں گے اس لیے ہمیں بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ چین ہماری مدد کررہا ہے ہمیں چین سے سبق سیکھنا ہے کہ ہم کیسے اس وائرس سے لڑسکتے ہیں، صدر عارف علوی اسی ضمن میں چین گئے ہوئے ہیں، ہمیں دنیا کو دیکھنا ہے کہ دنیا میں اس وائرس سے کیسے جنگ کی جارہی ہے، حکومت عوام کو آگاہ کرے گی کہ اس وائرس سے کیسے بچنا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس وائرس کے سبب معاشی معاملات میں بھی بگاڑ پیدا ہورہا ہے، بڑی عرصے بعد پاکستان کی برآمدات بڑھنا شروع ہوئی تھیں لیکن اب نظر آرہا ہے کہ اس پر منفی اثر پڑے گا اسی طرح ملک میں شادی ہالز، ریستوران اور شاپنگ سینٹرز پر بھی اثر پڑے گا ہمیں معاشی معاملات کو بھی دیکھنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 97 فیصد کورونا وائرس کے مریض ٹھیک ہوجاتے ہیں عوام احتیاط کے طور پر زیادہ سے زیادہ وقت گھروں میں گزاریں، ملنا جلنا بند کریں اور ایک دوسرے سے مصافحہ کرنے سے گریز کریں، ہم مسلمان ہیں اور ہمارا ایمان ہے کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، نبیؐ کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے قوم متحد رہے، ہمیں اس وبا کے خلاف جنگ ضرور جیتیں گے۔
عمران خان نے آخر میں علما سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو مشکل وقت میں احتیاط کی ہدایت کریں۔