Mar 18, 2020 12:19 am
views : 214
Location : Different Places
Karachi- Sindh announces partial lockdown to contain coronavirus spread
حکومت سندھ کا15 دن کے لئے تمام ریسٹورنٹ اور شاپنگ مالز بند کرنے کا اعلان
حکومت سندھ نے 15 دن کے لئے تمام ریسٹورنٹ اور شاپنگ مالز بند کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلی سندھ کے زیر صدارت کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے اور اس حوالے سے اقدامات پر اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری دفاتر، ریسٹورنٹ، شاپنگ مال، تفریحی مقامات اور انٹر سٹی بس سروس 15 دن کیلیے بند کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ریسٹورنٹ اور شاپنگ مال 15 دن کیلیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اس بندش کے دوران تمام کریانہ اسٹور، میڈیکل اسٹورز، سبزی، مرغی، مچھلی اور دیگر گوشت مارکیٹس کھلی رہیں گی، اور اگر شاپنگ مالز میں کریانہ کی دکانیں ہیں تو وہ کھلی رہ سکتی ہیں، بڑے ہوٹلز میں ریسٹورنٹس سروس بند ہوگی، وہیں پر کھانے کا انتطام اور مجمع پر پابندی ہوگی، تاہم ریسٹورینٹس پر آرڈر سے کھانے کی چیزیں منگوائی جاسکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اس کے پھیلائو کو روکنا ہے، اگر یہ وائرس پھیل گیا تو اسپتال کم پڑ جائیں گے، شہریوں کو گھروں میں محدود رکھنا چاہتے ہیں، اس لئے عوامی پارکس اور سی ویو بھی کل سے بند رہیں گے اور سرکاری دفاتر بھی جمعرات سے بند کردیئے جائیں گے جس کا نوٹیفکیشن چیف سیکریٹری جاری کریں گے، تمام احکامات پر اطلاق کل سے ہوجائےگا۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مقابلے میں علما کا کردار اہم ہوگا۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کے ہمراہ فردوس اعوان نے میڈیا کو بریفنگ دی۔
فردوس اعوان نے کہا کہ علمائے دین سے رابطے میں ہیں، علماء بھی اس معاملے میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
نور الحق قادری نے کہا کہ بچے اور بزرگ افراد نماز گھروں میں پڑھیں، مسجد میں آنے والے بھی سنتیں گھر سے پڑھ کر آئیں اور گھر جاکر پڑھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نماز جمعہ کو مختصر رکھا جائے، خطبہ بھی صرف عربی والا ہی دیا جائے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ شادی، بیاہ، تدفین اور تعزیتی اجتماعات مختصر رکھے جائیں، زبان سے اسلام و علیکم کہنے سے سلام کی سنت ادا ہوجاتی ہے۔