لاہور، پچیس ہزار سے کم آمدن والے ملازمین کے یوٹیلٹی بلز معاف کئے جائیں، سراج الحق
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں جماعت اسلامی نے اہم فیصلے کیے ہیں، ابتدائی طور پر کورونا سے آگاہی مہم چلائی جائے گی جب کہ ساتھ ساتھ صفائی بھی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ علما کرام اور با اثرشخصیات سے وفود کی شکل میں رابطہ کیاجائے گا، عوام میں صفائی مہم اور ذخیرہ اندوزی سےمتعلق آگاہی دیں گے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی بڑے شہروں میں ڈاکٹرمہیا کرے گی اور شہریوں میں جراثیم کش صابن تقسیم کیے جائیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر 25ہزار روپے سےکم آمدن والے ملازمین کےگیس اور بجلی بل معاف کئےجائیں۔
سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں جماعت اسلامی کے کارکنان الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں سے مل کر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔