Mar 28, 2020 02:39 pm
views : 229
Location : different areas
Islamabad- Coronavirus cases in Pakistan rise to 1408
اسلام آباد، ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1408 ہوگئی
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے 457 ، پنجاب میں 490، بلوچستان میں 133، خیبر پختونخوا میں 180، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 مریض ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی ہے جب کہ 7 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور 23 صحتیاب ہوچکے ہیں۔
نئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرکے 490 تک جا پہنچی ہے جب کہ سندھ میں مریضوں کی تعداد 457 ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بن گیا ہے۔
کورونا وائرس کے باعث سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید سختی کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صبح 8 سے شام 5 بجے تک صوبے بھر میں دکانیں بند کرانے کی ہدایت کردی ہے تاہم صرف میڈیکل اسٹور24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس کو صوبے میں لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ابھی تک شہر میں گھوم رہے ہیں، لوگوں کا تعاون عوام کی صحت کا ضامن ہے، اس لئے عوام لاک ڈاؤن اور حکومت کے فیصلوں کا احترام کریں۔