اسلام آباد، سندھ میں کورونا سے مزید دو جاں بحق، پاکستان میں اموات کی تعداد 19 ہو گئی، متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1625 تک جاپہنچی
پاکستان میں عالمگیر وبا کے باعث 19 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1625 تک جاپہنچی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیرہ غازی خان، ملتان، لاہور اور فیصل آباد کے قرنطینہ سینٹرز میں 318، لاہور (علاوہ زائرین) 116، گجرات 55، راولپنڈی 30، جہلم 28، گوجرانوالہ 11، فیصل آباد (علاوہ زائرین) 9، ڈیرہ غازی خان (علاوہ زائرین) 5، منڈی بہاؤ الدین 4، ملتان، رحیم یار خان، ویہاڑی، میانوالی، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں 2، 2، نارووال، اٹک، بہاولنگر، خوشاب اور بہاولپور میں ایک ایک کیس کی تصدیق ہوئی۔
سندھ میں مزید دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 5 جب کہ 6 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 508 ہو گئی ہے۔
صوبائی وزارت صحت نے صوبے میں مزید دو افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جاں بحق افراد کی عمریں 52 اور 60 برس اور دونوں کا تعلق کراچی سے ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 43 سے بڑھ کر 51 ہوگئی ہے۔
بلوچستان میں بھی مزید 3 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 144 ہو گئی ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے 5 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد وادی میں متاثرہ افراد کی تعداد 128 ہو گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں بھی تین نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 195 ہو گئی ہے۔
آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے مزید 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آزادکشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کر چکے ہیں جب کہ ملک بھر میں فوج تعینات ہے۔