Apr 05, 2020 09:04 pm
views : 262
Location : Different Places
Karachi- Coronavirus pandemic Confirmed cases surge past 3,000 in Pakistan
کراچی،ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 3100 سے تجاوز کرگئی
ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 3100 سے تجاوز کرگئی جبکہ 45 افراد اس موذی مرض سے جاں بحق اور 210صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے جاری کردی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 3123ہوگئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک شخص اس وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 45 ہوگئی جب کہ مجموعی طور پر 210افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 1163، سندھ میں 881، خیبر پختونخوا میں 372 ، بلوچستان میں 185، اسلام آباد 78، آزاد کشمیر14 اور گلگت بلتستان میں 206 کورونا کے مریض ہیں۔
ملک بھر میں اس وقت کورونا کے 45 تصدیق شدہ مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 15 کا تعلق سندھ، 12کا پنجاب، 14 کا خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان سے 3 جب کہ ایک مریض کا تعلق بلوچستان سے ہے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومتی و نجی اداروں کی جراثیم کش اسپرے مہم جاری ہے، شہریوں میں سینیٹائزر اور راشن بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
کراچی میں پیام ولایت اسکاؤٹس کی جانب سے نمائش چورنگی و اطراف میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا۔
کورونا وائرس سے بچاؤ کا سامان لے کر ابوظہبی سے نجی ایئرلائن کا جہاز پاکستان پہنچ گیا جس میں کورونا کٹس، سینیٹائزرز اور ماسک لائے گئے ہیں۔
12ٹن وزنی سامان کے یہ ڈبے یواے ای ایمبیسی کے حوالے کردیے گئے۔ یواے ای ایمبیسی کی جانب سے سامان جی ایچ کیو کے حوالے کیا جائیگا۔
پاکستان کا دورہ کرنے والے چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی میں بھی کورونا وائرس کے پھیلنے کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، کم ازکم 28دن کے لئے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے جس کے بعد محتاط انداز میں مرحلہ وار پابندیاں نرم کی جانی چاہئیں۔