اسلام آباد،کورونا کے خلاف مشترکہ عالمی رد عمل ہونا چاہیے،وزیر اعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی روک تھام اور اس کے باعث درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مربوط عالمی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
عالمی اقتصادی فورم کوویڈ ایکشن پلیٹ فارم سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے حالات یکسر مختلف ہیں۔ کورونا سے تمام دنیا کو چیلنجز کا سامنا ہے تاہم مغرب اور ہم میں فرق یہ ہے کہ ہمیں کورونا کے ساتھ غربت کا چیلنج بھی درپیش ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں لاک ڈاؤن کے دوران غریب طبقے کی بڑھتی مشکلات کو بھی دیکھنا ہے۔ پاکستان میں دیہاڑی دار طبقے کیلئے کیش پروگرام شروع کیا تاہم یہ مسئلے کا قلیل المیعاد حل ہے۔ کروڑوں لوگوں کو بھوک سے بچانے کیلئے معیشت کو کھولنا ضروری ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جی ٹوئنٹی ممالک نے غریب ممالک کیلئے قرضوں میں رعایت کی پالیسی کا اعلان کیا۔ پاکستان جیسے ممالک عالمی قرضوں کی وجہ سے صحت پر زیادہ خرچ نہیں کر پا رہے۔ ہمیں اپنے وسائل صحت کے نظام پر خرچ کرناہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ آئندہ برسوں میں جہاں دنیا کو چیلنجز کا سامنا ہوگا وہیں رواں سال پاکستان کیلئے بہت ہی مشکل ثابت ہورہا ہے۔ پاکستان میں یومیہ اجرت کرنے والے ڈھائی کروڑ مزدور کورونا کے سبب بےروزگار ہوگئے ہیں۔ کورونا کے خلاف مشترکہ عالمی رد عمل ہونا چاہیے۔