کراچی، پاکستان کورونا کو شکست دینے والے ٹاپ 20ممالک میں شامل
اگر ایک طرف دنیا بھر میں ناول کورونا وائرس (کووِڈ 2019) سے متاثرہ افراد کی تعداد ساٹھ لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے اور ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ افراد اس وبا کے ہاتھوں موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں تو دوسری جانب کورونا وائرس کے پچیس لاکھ سے زیادہ متاثرین اس بیماری کو شکست دے کر صحت یاب بھی ہوچکے ہیں، جو ایک خوش آئند بات ہے۔
پاکستان بھی ان ٹاپ 20 ملکوں میں شامل ہے جو اس عالمی وبا کو بڑے پیمانے پر شکست دے رہے ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2,076 نئے کیسز کے ساتھ، پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد 61,226 ہوچکی ہے۔ البتہ، پاکستان میں اب تک کیے گئے 508,086 کورونا ٹیسٹوں کے مقابلے میں یہ تعداد صرف 12 فیصد بنتی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے 20,231 مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ وطنِ عزیز میں کورونا کو شکست دینے والے مریضوں کی شرح 33 فیصد ہے جو ایک حوصلہ افزاء امر ہے۔
ان تمام نکات کی بنیاد پر پاکستان اُن 20 ملکوں میں شامل ہے جو کورونا وائرس کے خلاف بہت مؤثر انداز میں کامیاب ہورہے ہیں۔