Jun 03, 2020 11:10 pm
views : 261
Location : Different Places
Karachi- Storm hits Karachi, gusts of wind, rain whip through neighbourhoods
کراچی،شہر میں شدید آندھی کا راج
کراچی کو شدید آندھی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پورا شہر کافی دیر تک گرد آلود ہواؤں کی لپیٹ میں رہا۔
آندھی کے باعث دیوار گرنے اور مختلف حادثات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق اور 18 کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گلشن معمار فقیراگوٹھ کےقریب دیوارگرنےسےایک شخص جاں بحق اور 2زخمی ہوئے ہیں۔ سعدی ٹاؤن میں مکان کی دیوار گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔
تیسر ٹاؤن میں چھت گرنےسےایک شخص جاں بحق ہوا، گلشن معمارمیں گھرکی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک سے گزررہا ہے، گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے، شہر کے شمالی حصے میں تھنڈر اسٹارم سیلز بن گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آندھی 54سے 74کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آندھی کے باعث حدنگاہ 1کلومیٹر ہوگئی تھی، عام دنوں میں حد نگاہ 5 سے 6کلو میٹر ہوتی ہے، مغربی سسٹم اور دن میں پڑنے والی گرمی اور نمی کا تناسب ملنے سے آندھی چلی۔
طوفانی ہواؤں کے بعد بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ صدر، گلستان جوہر، لیاری، اورنگی ٹاؤن، ملیر، نیوکراچی،کورنگی و دیگر علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔
تیز ہوائیں چلنے کے بعد محکمہ موسمیات کے دفتر کی بجلی بھی معطل ہوگئی۔
نارتھ کراچی میں آندھی کے باعث گھروں کےشیشے ٹوٹ گئے، سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں آندھی کے باعث دکانوں کے چھجے اور چھتیں گر گئیں۔
آندھی کے باعث چھتیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
آندھی کی وجہ سے شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک متاثر ہوا، شارع فیصل، راشد منہاس روڈ ،یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کا دباؤ رہا ، صدر، ایم اے جناح روڈ، حسن اسکوئر پر بھی آندھی کی وجہ سے ٹریفک کا دباؤ رہا۔