اسلام آباد، شوگر بحران پر سبسڈی کا معاملہ نیب کو بھیجا جا رہا ہے، شہزاد اکبر
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شوگر بحران پر سبسڈی کا معاملہ نیب کو بھیجا جا رہا ہے، نیب اس میں کرمنل انویسٹی گیشن کرےگا، چاہےکوئی بھی سیکریٹری یاوزیرہو سب کےخلاف ایکشن ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ شوگر انڈسٹری کے لوگ من پسند زیادتیاں کررہےتھے ، سیاسی رہنماؤں نے اپنی شوگرملز بناکرہیرپھیر کی یہ ڈھکی چھپی بات نہیں، غریب کا احتساب اور استحصال ہر کوئی کرتا رہا ہے لیکن اب چاہے کوئی بھی شخص کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو جواب دینا پڑےگا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شوگر بحران پر سبسڈی کا معاملہ نیب کو بھیجا جا رہا ہے، نیب اس میں کرمنل انویسٹی گیشن کرےگا اگر شوگرملز نےسبسڈی کی مدمیں کوئی غلط کام کیا ہے تو وہ بھی نیب دیکھےگی
سابق وزیراعظم کے الزامات پر شہزاد اکبر نے کہا کہ شوگر رپورٹ کے بعد شاہدخاقان عباسی نے پورامعاملہ اپنے اوپر لےلیاہے، شاہدخاقان عباسی نے سلیمان شہبازکی ایما پر 20ارب سبسڈی دے کر عوام کو چونا لگایا، شاہدخاقان عباسی صاحب آپ کے دن گنے جاچکے ہیں، شاہدخاقان عباسی صاحب پکڑے جاچکےہیں وہ 20 ارب سبسڈی کا جواب دیں، شاہدخاقان عباسی نےشوگرسبسڈی مدمیں سب سےبڑی زیادتی کی۔
پیپلزپارٹی کی اے پی سی پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ احتساب کا شکنجہ اب اپنے حتمی مراحل میں ہے ، بلاول بھٹو کی آل پارٹیز کانفرنس ہورہی ہے ابھی توبہت کچھ ہوگا، یہ اصل میں آل پارٹیزکانفرنس نہیں بلکہ آل شوگر ڈیڈیز کانفرنس ہے، احتساب کا عمل سخت ہوتا ہے تو بلاول کواےپی سی یاد آجاتی ہے، بلاول کو معلوم ہی نہیں ان کی حکومت کو وفاق نےکیا کیا دیا ہے۔