اسلام آباد،توشہ خانہ ریفرنس: نواز شریف کی عدم حاضری، ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
احتساب عدالت میں توشہ خانہ سے غیر قانونی طریقے سے گاڑیاں لینے سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ ریفرنس میں نامزد ملزم سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف آج بھی عدالت پیش نہیں ہوئے۔
عدالتی استفسار پر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری کراچی میں ہیں انہیں ذاتی حیثیت میں طلب نہ کیا جائے، آصف زرداری پیش ہوئے تو عدالت میں جگہ نہیں رہے گی، انہوں نے سابق صدر کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت منظور کر لیا۔
احتساب عدالت نے سماعت مکمل ہونے پر مسلسل عدم پیشی کے باعث سابق وزیراعظم نوازشریف کی ناقابل ضمانت ورانٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ وزارت خارجہ کو حکم دیا کہ وہ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائیں۔ توشہ خانہ ریفرنس کی مزید سماعت 30 جون تک ملتوی کر دی گئی۔۔۔