Jun 16, 2020 05:22 pm
views : 240
Location : Domestic Place
Islamabad- Smart lockdowns imposed in parts of country to counter COVID-19
اسلام آباد، ملک میں پھر اسمارٹ لاک ڈاؤن، 20 بڑے شہر کورونا کے گڑھ
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کورونا کیسز بڑھنے کے لحاظ سے ملک کے ان مجوزہ 20 شہروں میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے، ان شہروں کے متاثرہ علاقوں کو بند کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کےعلاقے جی نائن ٹو اور جی نائن 3 میں 300 سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسکے علاوہ آئی 8، آئی 10، غوری ٹاؤن، بارہ کہو، جی 6 اور جی 7 کے علاقے نیو ہاٹ سپاٹ ہیں۔این سی او سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جن شہروں میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی نشاندہی کی گئی ہے، وہاں حفاظتی اور احتیاطی اقدامات مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ جبکہ لاہور میں وائرس کے پھیلائو میں تیزی آنے بعد شہر کے 9 علاقے سیل کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردیا گیا، متاثرہ علاقوں کو کم از کم دو ہفتے کیلئے بند رکھاجائیگا۔۔
سرگودھا میں کورونا وائرس کے باعث ضلع کے 14 مقامات کو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت بند کردیا گیا ہے۔ادھر خیرپور میں کوروناوائرس پھیلنے پر شہر کے 6 علاقے سیل کردیئے گئے ہیں، شہر کے 4 علاقے پنج ہٹی ،آخوند محلہ ، عریشا کالونی اور ماچس فیکٹری کے علاقے ایک روز قبل سیل کیے گئے تھے۔
ضلع بھر سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فیض گنج، چونڈکو،گمبٹ، ہنگورجہ ، پیر جو گوٹھ اور کئی علاقوں میں کوروناوائرس پھیل چکا ہے۔