عمران خان اور جسٹن ٹروڈو میں ٹیلیفونک رابطہ
کینیڈین وزیراعظم نے ٹویٹ کے ذریعے آگاہ کیا کہ ان کا پاکستانی وزیراعظم سے فون پر رابطہ ہوا۔ انہوں نے لکھا کہ جب سے کورونا کی وبائی صورتحال شروع ہوئی ہے ان کا وزیراعظم عمران خان سے یہ دوسری بار رابطہ ہوا ہے۔ کوویڈ-19 کے خلاف اٹھائے اقدامات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، انہوں نے لکھا کہ کورونا سے شدید متاثر افراد کی حمایت اور امداد پر بھی بات چیت کی گئی۔
کینیڈین حکومت کی جانب سے ٹیلیفونک گفتگو سے متعلق اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس کے مطابق وزیر اعظم خان اور کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے وبائی مرض سے لڑنے اور اپنے شہریوں کی صحت ، حفاظت اور معاشی بہبود کے تحفظ کے لئے اپنی اپنی قومی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے کورونا کے باعث پیدا شدہ بحران کے مربوط عالمی رد عمل کی اہمیت اور خاص طور پر وبائی امراض سے متاثرہ کمزور ممالک کی ضروریات کے بارے میں بات کی۔ جسٹن ٹروڈو نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور جمیکا کے وزیر اعظم کے ساتھ حال ہی میں شروع کیے گئے مشترکہ اقدام پر تبادلہ خیال کیا تاکہ وبائی بیماری کے بارے میں عالمی رد عمل کو تیز کیا جاسکے اور ترقی پذیر ممالک کے لئے اہم ترقیاتی مالی اعانت تک رسائی کو متحرک کیا جاسکے۔
جسٹن ٹروڈو اور وزیر اعظم عمران خان کا کینیڈا اور پاکستان کے مابین تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور دیگر اہم عالمی امور پر مل کر کام جاری رکھنے اتفاق۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈین حکومت مقامی ، صوبائی ، علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ کینیڈا اور پوری دنیا میں اس کے صحت ، معاشی ، معاشرتی اثرات کو کم کیا جاسکے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مہلک وبا بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کوششوں کی متقاضی ہے۔ پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کو دوہرے چیلنج کا سامنا ہے، جس میں وباء کی روک تھام اور معیشت کو سنبھالنے جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔