Jun 21, 2020 05:30 pm
views : 223
Location : Different Places
Karachi- Solar Eclipse: Namaz-e-Kasoof Being Offered across the country
کراچی،ملک بھر میں سورج گرہن کے باعث مختلف شہروں میں نماز کسوف ادا کی گئی
ملک بھر میں سورج گرہن کے باعث مختلف شہروں میں نماز کسوف ادا کی گئی جس میں اللہ پاک کے حضور سجدہ ریز ہو کر استغفار طلب کی گئی۔
ملک بھر سورج کو گرہن لگا، شہر شہر نماز کسوف کے اجتماعات ہوئے۔ لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کی جامع مسجد میں نماز کسوف ادا کی گئی۔ منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے نماز کسوف پڑھائی جہاں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
نماز کے بعد گناہوں کی مغفرت اور توبہ کے لیے دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر امیرِ جماعتِ اسلامی سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاند اور سورج گرہن اللّٰہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ نے سورج اور چاند گرہن کے موقع پر نمازِ کسوف ادا کی، سورج گرہن کے موقع پر اللّٰہ تعالیٰ سے توبہ و استغفار کرنا چاہیے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی سنیٹر سراج الحق نے اس موقع پر تلقین کی کہ جب تک سورج گرہن رہتا ہے گھروں میں کلام پاک کی تلاوت کی جائے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ، کامونکی اور وہاڑی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں نماز کسوف ادا کی گئی جس میں اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوکر توبہ طلب کی گئی۔
سکھر اور گردونواح میں سورج گرہن، مختلف مساجد میں نماز کسوف ادا کی گئی اور قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے دعائیں کی گئیں۔ باجوڑ میں بھی نماز کسوف ادا کی گئی، لوگوں نے توبہ استغفار کی۔