Jun 30, 2020 08:33 pm
views : 242
Location : Different Places
Karachi- FIR registered in Pakistan Stock Exchange (PSX) building attack
پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی سول لائنز میں درج
پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے، دہشتگردی کے واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او میٹھا در کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سول لائنز میں درج کی گئی۔ رپورٹ میں ایکسپلوزیو ایکٹ اور سندھ آرمز ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
دوسری جانب حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی طارق روڈ کے قریب سے خریدے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد سلمان نے گاڑی 13 لاکھ روپے میں خریدی جو سی پی ایل سی سے کلیئر ہے، دہشتگرد ممکنہ طور پر ضلع سینٹرل سے حملہ کرنے آئے۔
وزیراعلیٰ سندھ دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے والے اہلکاروں سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کرینگے۔ آر آر ایف کے جوانوں نے دہشتگردوں کا حملہ روکنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے سے متعلق بم ڈسپوزل سکواڈ نے اپنی رپورٹ تیار کرلی ہے۔ جائے وقوعہ سے 39 رائفل گرنیڈ برآمد ہوئے، دہشتگرد ایک آٹومیٹک لانچر بھی ساتھ لائے، ملزمان سے ملنے والے 15 روسی ساختہ دستی بم بھی ناکارہ کر دیئے گئے۔ مارے گئے دہشتگردوں سے 10 امریکی گرنیڈ بھی برآمد ہوئے۔جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید پولیس اہلکار محمد شاہد کو کراچی میں سپرد خاک کردیاگیا شہید سب انسپکٹر محمد شاہد کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ادا کرنے کے بعد ان کی تدفین میوہ شاہ قبرستان میں کی گئی۔
خیال رہے گزشتہ روز کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے چاروں دہشتگرد 8 منٹ میں ہلاک کر دیئے گئے، مقابلے کے دوران سب انسپکٹر پولیس، 3 سکیورٹی گارڈ شہید ہوئے جبکہ 3 پولیس اہلکار، ایک سکیورٹی گارڈ اور دو شہری زخمی ہوئے۔ کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی نے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔۔