ایل این جی کیس میں نیب کو شاہد خاقان عباسی کیخلاف حتمی ریفرنس دائر کرنے کی آخری مہلت
احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں نیب کو شاہد خاقان عباسی کیخلاف حتمی ریفرنس دائر کرنے کی آخری مہلت دے دی ہے۔
احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ایل این جی کیس پر سماعت کی۔
وکیل شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ موکل کو ساڑھے چھ ماہ جیل میں رکھنے کے باوجود نیب ریفرنس دائر نہیں کر سکا، ہمارے ساتھ ایسا تماشا نہ لگایا جائے اور جب تک نیب ریفرنس دائر نہیں کرتا تب تک سماعت ملتوی کی جائے۔
نیب پراسیکیوٹر عثمان مرزا نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ ریفرنس مکمل کرنے کے لئے مزید تین سے چار ہفتے درکار ہوں گے،عدالت فرد جرم عائد کرنا چاہتی ہے تو نیب کو اعتراض نہیں، جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ جب ضمنی ریفرنس آئے گا تب ہی فرد جرم عائد کی جائے گی۔
احتساب عدالت نے نیب کو شاہد خاقان عباسی کیخلاف تفتیش مکمل کرنے اور حتمی ریفرنس دائر کرنے کی مزید مہلت دیتے ہوئے کہا کہ حتمی ریفرنس دائر کرنے کے لیے یہ آخری مہلت ہے۔ نیب تفتیش مکمل کرکے 6 اگست کو حتمی ریفرنس دائر کرے۔
شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیب کو جو تفتیش کرنی ہے ٹی وی کا کیمرہ لگا کر تفتیش کریں، عدالتی کارروائی بھی کیمرہ لگا کر ہونی چاہیے، الزام لگانا بڑا آسان ہے، کوئی شہادت نہیں، کوئی کیس نہیں، بس دبانے کے لئے نیب استعمال ہو رہا ہے، راجہ پرویز اشرف کو 12 سال بعد بری کیا گیا، 12 سال جو بے عزتی ہوئی اس کا کون ذمہ دار ہے، کسی کے پاس کوئی جواب ہے؟ آج نیب کی وجہ سے حکومت اور ملک نہیں چل رہے۔ حکومت ناکام ہو چکی ہے ، ان کے ہر لمحہ اب بھاری ہے، مائنس ون پارٹی کے اندر کیا جاتا ہے، مائنس ون پارٹی کے اندر کیا جاتا ہے۔