Jul 08, 2020 10:35 pm
views : 240
Location : Different Places
Karachi- 3 die of electrocution as parts of Karachi receive rain on third consecutive day
کراچی کے مختلف علاقوں میں تیسرے روز بھی بارش، کرنٹ لگنے سے 3 افراد جاں بحق
کراچی
کے مختلف علاقوں میں مسلسل تیسری روز کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے باعث
موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم بجلی کے غائب ہونے سے شہریوں کے چہروں پر آئی
مسکراہٹ ماند پڑ گئی جبکہ کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق
ہوگئے۔
شہر قائد میں 6 جولائی سے شروع ہونے والا مون سون کا پہلا اسپیل
وقفے وقفے سے جاری ہے اور گزشتہ 2 روز میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش
ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کی جانب سے مختلف علاقوں میں لائٹ کی بندش نے شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا۔
خیال
رہے کہ کراچی میں گزشتہ کئی روز سے کے الیکٹرک کی جانب سے طویل اور
غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث گرمی کے ستائے شہریوں کی مشکلات میں مزید
اضافہ ہوا ہے اور شہری گھنٹوں تک بجلی سے محروم رہ رہے ہیں۔
محکمہ
موسمیات نے شہر میں 30 سے 40 ملی میٹر تک بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا
کہ کراچی میں موجود بارش کے سسٹم میں اب بھی شدت باقی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں صبح سے کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایدھی اور دیگر ریسکیو ذرائع کے مطابق ماڈل کالونی میں گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔
کارساز روڈ پر پیرپگاڑا ہاؤس کے قریب بجلی کے تار ٹوٹنے سے اس کی زد میں آکر ایک موٹرسائیکل سوار کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔