Jul 17, 2020 05:33 pm
views : 260
Location : Domestic Place
Islamabad- 262 Suspended pilots educational credentials and licenses are fine, Aviation Ministry
اسلام آباد، 262 معطل پائلٹس کی تعلیمی اسناد اور لائسنسز بالکل ٹھیک ہیں، وزارت ہوا بازی
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی ایوی ایشن کے اجلاس میں سیکرٹری ہوابازی نے پائلٹس کے لائنسنز اور ڈگریوں سے متعلق بریفنگ دی۔
وفاقی سیکرٹری نے بتایا کہ کہ پائلٹس کے 262 لائسنسز میں بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں جس پر 28 پائلٹس کے لائسنس منسوخ جب کہ 80 کو معطل کردیا گیا ہے۔
کمیٹی رکن سینیٹر مصطفیٰ نواز نے پوچھا کہ کیا ان 262 پائلٹس کی ڈگریاں بالکل ٹھیک ہیں ؟ جس پر سیکرٹری نے بتایا کہ جی ٹھیک ہیں۔
سینیٹر مصطفی نواز نے کہا کہ ثابت ہو گیا وفاقی وزیر غلام سرور خان کے بیان سے عالمی سطح پر پی آئی اے کو نقصان ہوا ہے جس پر وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان بولے کہ ہم نے اپنی غلطیاں سدھاری ہیں، ہمیں اندازہ تھا ردعمل آسکتا ہے لیکن ہماری نیت صاف تھی۔
دوسری جانب سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر مصطفیٰ نے وفاقی وزیر کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
سیکرٹری ایوی ایشن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ دنیا بھر میں پی آئی اے کی پروازوں سے پابندی اٹھوانے کے لیے ہوابازی بین الاقوامی اداروں سے رابطے میں ہیں، وہ نومبر میں اجلاس کرکے پابندی ہٹانے کا فیصلہ کریں گے مگر اس سے پہلے بھی یہ ممکن ہو سکتا ہے۔
خیال رہے کہ جعلی یا مشکوک لائسنس کے الزام کے تحت حکومت نے پاکستان ائیرلائنز (پی آئی اے) کے 141 پائلٹس سمیت 262 پائلٹس کی لسٹ جاری کی تھی۔ حکومت کی جانب سے مشکوک پائلٹس کی فہرست میں خامیاں سامنے آئی ہیں جس کے بعد پائلٹس کی ایسوسی ایشن پالپا نے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔