Jul 18, 2020 03:34 pm
views : 244
Location : Domestic Place
Karachi- More caution is needed now to stop the spread of Corona, Asad Umar
کراچی، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اب پہلے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، اسد عمر
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت سندھ میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بطور میزبان شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر صحت سندھ، وزیر تعلیم اور انتظامیہ کے دیگر لوگ بھی شریک ہوئے جب کہ وزیر داخلہ، نیشنل کوآرڈی نیٹر حمودالزمان خان، این سی او سی ڈاکٹر فیصل سلطان، مِس تانیہ ایدرس، میجر جنرل آصف گورایا، ڈی جی آپریشنل اینڈ پلان سمیت تمام صوبوں، آزادجموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں ایس او پیر پر عمل درآمد اور مانیٹرنگ کا نظام بھی ضروری ہے، فیس ماسک اور احتیاطی تدابیرکو ہر صورت یقینی بنانا ہو گا۔
اسد عمر نے کہا کہ کورونا پازیٹوکیسز اور اموات میں کمی ہوئی ہے لیکن احتیاط نہیں چھوڑنا کیونکہ اب پہلے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تاکہ کورونا کیس دوبارہ نہ بڑھیں۔
تمام صوبوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ سمیت تمام صوبوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈکس انتظامیہ او ر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زبردست کام کیا ہے، یہ سب شاباش کے مستحق ہیں۔