پاک فضائیہ کے جے ایف سیون ٹین تھنڈرطیارے کی ور چوئل رائل ائیرٹیٹو شو میں شرکت
پاک فضائیہ کے جے ایف سیون ٹین تھنڈرطیارے کی ور چوئل رائل ائیرٹیٹو شو میں شرکت نے وطن عزیز کا نام سر بلند کردیا۔
ملکی سطح پر تیار کردہ پاک فضائیہ کا جے ایف سیون ٹین تھنڈر طیارہ برطانیہ میں منعقد ہونے والے ورچوئل رائل انٹر نیشنل ائیر ٹیٹو شو میں پہلی مرتبہ شریک ہوا۔
نمبر 16 اسکواڈرن کے اس ملٹی رول لڑاکا طیارے کے علاوہ نمبراکیس اسکواڈرن کے سی ون تھرٹی ہرکولیس طیارے نے بھی اس یادگار ایونٹ میں شرکت کی۔ اس سال کووڈ نائنٹین کی وجہ سے اس ائیر شو میں دنیا بھر کی فضائی افواج کو شرکت کرنے والے طیاروں اور عملے کی مختصر دورانیے کے ویڈیو کلِپ بھجوانے کا کہا گیا تھا۔
منتظمین کی جانب سے وضع کردہ قواعدو ضوابط کے تحت پاک فضائیہ نے ائیر شو میں شرکت کرنے والے طیاروں کے عملے کے پیغامات کی ویڈیوز ارسال کیں جنہیں اس ائیر شو کے آفیشل سوشل میڈیا چینلز پر ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔
ایوی ایشن کے دلدادہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے ان ویڈیوز کو بہت سراہا۔ اس شو میں شرکت نہ صرف بین ا لاقوامی سطح پرجے ایف سیون ٹین تھنڈر کی تشہیر کا باعث بنے گی بلکہ پاکستان کے مثبت پہلوکو اُجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔
سوشل میڈیا صارفین کی ایک کثیر تعداد ورچوئل فلائنگ ڈسپلے، انٹر ویوز اور جدید طیاروں کی ورطہ حیرت میں ڈالنے والی ائیریل فوٹیجز سے لطف اندوز ہوئی۔
اس میگا شو میں ہر سال دنیا بھر کی مختلف فضائی افواج، جہاز سازی اور ائیرو سپیس ٹیکنالوجی کی صنعتیں اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہوتی ہیں۔