Jul 22, 2020 07:34 pm
views : 259
Location : Domestic Place
Rawalpindi- Son tortured his mother and sister along with wife
راولپنڈی، خون سفید ہوگیا، بیوی کے ساتھ مل کر بیٹے کا ماں اور بہن پر بہیمانہ تشدد
راولپنڈی میں تھانہ صادق آباد کے علاقے میں اہلیہ کے ساتھ مل کر بیٹے نے ماں اور بہن کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنادیا۔ویڈیو وائرل ہونے پرریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے سخت نوٹس لیتے ہوئے میڈیکل کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ کروادیا۔ میاں بیوی کی گرفتاری کے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق صادق آباد کے علاقے ڈھوک علی اکبر کری روڈ کی رہائشی مسماتہ گلنار بی بی کا بیٹا ارسلان اور بہو بسمہ جو والدین سے الگ رہتے ہیں والدین سے ملنے کے لیے انکے گھر آئے جہاں ارسلان کی ہمشیرہ اور اسکی اہلیہ کی کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جو بڑھ گئی اور جھگڑا شروع ہوگیا۔
اس دوران بیٹا ارسلان بھی درمیان میں کود پڑا اور اہلیہ کے ساتھ مل کر والدہ گلنار بی بی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ گھر میں کسی فرد نے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی جس کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک اور سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے نوٹس لیکر پولیس کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔
ایس ایچ او صادق آباد طاہر ریحان کا کہنا تھا کہ تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون گلنار بی بی کا میڈیکل کروا کر مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ ملزمان ارسلان اور اسکی اہلیہ کہ گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایس پی راول رائے مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ رشتوں کا تقدس پامال کرنے اور والدہ پر بیہمانہ تشدد کرنے والے بیٹے اور اسکی اہلیہ کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا جن کی گرفتاری کے چھاپے جاری ہیں۔