اسلام آباد، وزیراعظم عمران خان کا بنگلادیشی ہم منصب حسینہ واجد کو فون
وزیراعظم عمران خان نے بنگلا دیش کی ہم منصب حسینہ واجد سے رابطہ کرکے کرونا کے خلاف حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے عالمی وبا کرونا وائرس کے بعد بننے والی صورت حال پر گفتگو کی، جب کہ وزیراعظم عمران خان نے کرونا کی روک تھام کے لیے بنگلا دیش کی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک گفت گو میں کرونا وائرس کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا۔ وزیراعظم نے حسینہ واجد کو ترقی پذیر ممالک کے لیے قرض سے متعلق امداد پر عالمی اقدام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ خطے میں امن و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا بے حد اہم ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی بدترین صورت حال پر بھی اپنا نکتہ نظر پیش کیا۔