لاہور، رمضان شوگر ملز کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد
احتساب
عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے رمضان شوگر ملز کیس پر سماعت کی۔ قومی
اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ جیل حکام
کی جانب سے حمزہ شہباز کو بھی پیش کیا گیا۔
دوران سماعت شہباز شریف کے
وکلاء نے فرد جرم عائد کرنے کی مخالفت کی اور استدعا کی کہ تیاری کے لئے
مہلت دیں اور فرد جرم کی کارروائی موخر کی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ
یہ کیس فرد جرم کی کارروائی کیلئے فکس ہے، ہم کوئی سرپرائز نہیں دے رہے۔
اپوزیشن
لیڈر کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ
اجلاس طلب کر رکھا ہے، شہباز شریف نے اسلام آباد جانا ہے، جانے کی اجازت
دی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ شہباز شریف پر فرد جرم عائد ہونی ہے، وہ
ادھر رہیں، اپوزیشن لیڈر اگر بیٹھنا چاہتے ہیں تو بیٹھ جائیں۔
صدر مسلم
لیگ ن دوران سماعت کمرہ عدالت میں کرسی پر بیٹھے رہے۔ شہباز شریف نے عدالت
کے روبرو کہا کہ اپنے دور حکومت میں کھربوں روپے کے منصوبے شروع کئے، خدا
کی قسم کھا کر کہتا ہوں، نیک نیتی کے ساتھ کام کیا ہے، مجھے پندرہ بیس کروڑ
روپے کے گندے نالے کے کیس میں پھنسایا جا رہا ہے۔