Aug 08, 2020 05:31 pm
views : 248
Location : Domestic Place
Karachi- Intermittent rains inundate Karachi, disrupt traffic flow
کراچی، شہر قائد میں تیسرے روز بھی بارش، حادثات و واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد گیارہ ہوگئی
کراچی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مسلسل تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث شہریوں کی اکثریت گھروں تک محدود ہے۔ ڈی ایم سیز، کے ایم سی، حکومت سندھ، این ڈی ایم اے اور پاک فوج پانی کی نکاسی کیلئے جاری ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔
مون سون بارشوں کے دوران کراچی کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہے۔ اورنگی، خداداد کالونی، لانڈھی، پی ای سی ایچ ایس ، اولڈ سٹی ایریا اور کورنگی میں گزشتہ رات سے بجلی غائب ہے جب کہ سرجانی ٹاؤن، خاد کی بستی اور دیگر مضافاتی علاقوں میں گزشتہ دو روز سے بجلی غائب ہے۔
بجلی کی بندش سے متعلق کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کچھ نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کے باعث ہمارے عملے کو بجلی بحالی میں مشکلات درپیش آرہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم کی شدت تاحال برقرار ہے اور بارش برسانے والے سسٹم کا پھیلاؤ بلوچستان تک ہے۔ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کی توقع ہے، کراچی میں مزید تیس ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے، مون سون سسٹم ایک مرتبہ برسنے کے بعد کمزور پڑنا شروع ہو جائے گا لیکن کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔