May 27, 2021 03:10 pm
views : 243
Location : Domestic Place
Karachi- Sheikh Rashid assures Murad Ali Shah of all possible help in the operation against dacoits
کراچی، سندھ میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں شیخ رشید کی وزیراعلیٰ سندھ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی، وزیر داخلہ کہتے ہیں سندھ حکومت کو جو چاہئے ہم مدد کرنے کیلئے تیار ہیں
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وفاقی سیکریٹری داخلہ ، ڈی جی علی نواز بھی شریک تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیرداخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان خطرناک ممالک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر تھا اب 126 پر ہے، پہلے سندھ میں جان پہچان والوں کے ساتھ سفر کرتے تھے، 2007 میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے گرینڈ آپریشن کرکے ہائی ویز کلیئر کروایا، کراچی میں بھی امن و امان اتنا خراب تھا کہ نو گو ایریا بن گئے تھے۔
کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور پولیس کے مابین مقابلوں اور شہید اہلکاروں کے حوالے سے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پورا سندھ گڈو سے کوٹڑی بیراج تک کچا ایریا ہے، صرف 5/6 کلومیٹرز کا گھنا جنگل ہے، کشمور سہ رخی بارڈر کا شہر ہے، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے بارڈرز کو آپس میں ملاتا ہے، جنگل میں جرائم پیشہ افراد دریا میں پانی آنے سے راستہ بند کردیتے ہیں۔ 23 مئی کو پولیس نے آٹھ مغویوں کو شکارپور کے کچے سے بازیاب کرانے کیلئے آپریشن کیا، ڈاکوؤں کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیرداخلہ سے کہا کہ کچھ حساس سازوسامان چاہیے، ان کا بندوبست سندھ حکومت کررہی ہے، سازوسامان کے حصول میں وزارت داخلہ مدد کرے، ہم جلد کچے کے علاقے کو ڈاکؤوں سے صفایا کردیں گے۔ شیخ رشید نے جواب دیا کہ امن و امان سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت کو جو چاہئے ہم مدد کرنے کیلئے تیار ہیں، ڈاکوؤں کے خلاف دہشتگردی کے کیسز درج کرائے جائیں ۔