May 28, 2021 04:19 pm
views : 272
Location : President House
Islamabad- Chairman NAB presented annual report of NAB to President
اسلام آباد، نیب نے گزشتہ برس تین سو تئیس بلین روپے کی وصولی کی، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے صدر مملکت عارف علوی کو سالانہ رپورٹ دو ہزار بیس پیش کردی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال نے قومی احتساب بیورو کی سالانہ رپورٹ 2020 صدر مملکت کو پیش کی اور انہیں کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2020ء کے دوران 323.29 بلین روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیب کو 24 ہزار 706 شکایات موصول ہوئی، گزشتہ سال سے انڈر پروسیس شکایات سمیت 30 ہزار 405 شکایات نمٹا دی گئیں، نیب نے 878 شکایات کی توثیق پر کارروائی کی، اس کے علاوہ 369 انکوائری، 175 تفتیش کیں اور گذشتہ سال کے دوران احتساب عدالتوں میں 136 ریفرنسز دائر کیے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ سال 2020 کے دوران استغاثہ کی کامیابی کا مجموعی تناسب 66 فیصد تھا۔
نیب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اس ادارے نے بدعنوان عناصر کے خلاف جنگ لڑ کر اور ایک سال میں 323.29 بلین روپے کی وصولی کر کے ایک عمدہ کام کیا ہے۔ انہوں نے بدعنوانی سے پاک پاکستان کے وژن کی تکمیل کے لئے احتساب کو یقینی بنانے کی مزید کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور چیئرمین نیب کو معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے تنظیم کو مضبوط بنانے میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔