کراچی، جعلی ڈومیسائل پر کراچی کی نوکریاں دی گئیں، فاروق ستار کہتے ہیں کراچی کا ایسا حال ہے جیسے یہ پانچ ہزار سال پرانا شہر ہو
کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری و میڈیا ہاؤسز پر حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جس کے لیے ایم کیو ایم کے مختلف رہنما عدالت پہنچے۔ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار بھی انسداد دہشت گردی عدالت پہنچے۔
عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کا ایسا حال ہے جیسے یہ 5 ہزار سال پرانا شہر ہو۔
سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی نے مزید کہا کہ کراچی کو کھنڈر بنا دیا گیا، وڈیروں نے اسے اپنی کالونی بنا دیا ہے، منصوبے کے تحت یہاں سے کاروبار ختم کیا جا رہا ہے۔
فاروق ستار کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلدیاتی وسائل چھین کر کراچی کو کھنڈر بنا دیا گیا ہے، جلد پریس کانفرنس کر کے اس سازش کو بے نقاب کروں گا۔