May 31, 2021 01:29 pm
views : 234
Location : Domestic Place
Lahore- Jahangir Tareen demands to provide justice instead of doing politics
لاہور، وزیر اعظم نے انصاف کا وعدہ کیا تھا، اب انصاف مل جانا چاہئے، جہانگیر ترین کہتے ہیں علی ظفر نے بڑی محنت سے رپورٹ مکمل کی ہے، رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد کھل کر بات ہوگی
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر پیشی پر نئی تاریخ مل جاتی ہے، عمران خان نے انصاف کا وعدہ کیا تھا، تمام دوستوں نے وزیراعظم سے بات کی تھی، علی ظفر نے بڑی محنت سے رپورٹ مکمل کی، امید تھی رپورٹ منظرعام پر آجائے گی، علی ظفر نے کہا تھا مئی میں رپورٹ پیش کردوں گا۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ علی ظفر نے رپورٹ میں جو کہا ہے اس پر ایکشن لیا جائے، علی ظفر کی تحقیقات مکمل ہوگئی، اب تک رپورٹ منظرعام پر نہیں آئی، رپورٹ آنے پر کھل کر بات ہوگی۔
دوسری جانب ایڈیشنل سیشن عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری درخواست ضمانت میں گیارہ جون تک توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔
ایف آئی اے حکام نے عدالت میں بتایا کہ جہانگیر ترین اور علی ترین کی تحقیقات کرنے والے افسر کو ٹرانسفر کر دیا ہے، جلد نئے افسر کو تعینات کیا جائے گا، پھر تحقیات شروع ہونگی، ابھی تاحال تفتش مکمل نہیں ہے۔
جس پر عدالت نے ایف آئی اے حکام پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے حیرانگی کا اظہار کیا کہ اس اسٹیج پر کیسے افسر کا ٹرانسفر کیا جا سکتا ہے، جس نے افسر کو ٹرانسفر کیا ہے، اس کو شوکاز نوٹس جاری کر رہا ہوں، اگلی سماعت پر اس کا جواب چاہیے۔ عدالت نے عبوری درخواست ضمانت میں گیارہ جون تک توسیع کر دی۔