May 31, 2021 03:45 pm
views : 219
Location : Domestic Place
Islamabad- IRSA has increased the supply of water to Sindh and Punjab
اسلام آباد، سندھ اور پنجاب کے پانی کو بڑھادیا گیا، ارسا کے مطابق پنجاب کے حصے میں اٹھارہ ہزار کیوسک اور سندھ کے حصے میں پینتیس ہزار کیوسک پانی کا اضافہ کیا گیا ہے
انڈس ریورسسٹم اتھارٹی (ارسا) کی جانب سے دو صوبوں کے پانی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانی کے مسئلے پر ارسا کا اجلاس ہوا جس میں پانی کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ دریاؤں میں پانی کی آمد 24 فی صد بڑھ گئی ہے، 28 مئی کو پانی ایک لاکھ 72 ہزار تھا جو 31 مئی کو بڑھ کر 2 لاکھ 25 ہزار ہوگیا۔ ملک میں پانی کی کمی 32 فی صد سے کم ہو کر 18 فی صد رہ گئی۔اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے ارسا نے صوبوں کے حصے میں اضافہ کر دیا۔ پنجاب کے حصے میں 18 ہزار کیوسک کا اضافہ کرتے ہوئے اس کے حصے کو 83 ہزار کیوسک سے بڑھا کر ایک لاکھ ایک ہزار کیوسک کر دیا گیا۔
اسی طرح سندھ کے حصے میں 35 ہزار کیوسک کا اضافہ کرتے ہوئے سندھ کا حصہ 74 ہزار کیوسک سے بڑھا کر ایک لاکھ 9 ہزار کیوسک کر دیا گیا۔ ارسا کے مطابق شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے دریاؤں کے پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ چشمہ کے مقام پر ارسا کے اچھے انتظام کی وجہ سے گزشتہ دنوں ميں پانی کی کمی 8 ہزار کیوسک تک محدود رہی۔
ارسا نے صوبوں سے گزارش کی کہ پانی کے استعمال کے طریقے کار کو جدید طریقوں پر استوار کریں تا کہ پانی کے ضیاع کو کم سے کم کیا جا سکے۔