Jun 01, 2021 02:25 pm
views : 231
Location : different Areas
Four FC personnel martyred in Quetta, Turbat attacks: ISPR
کوئٹہ میں ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں کا وار، تربت میں ایف سی پر دہشتگردوں کے حملے میں چار جوان شہید جبکہ پانچ حملہ آوروں کو جہنم واصل کردیا گیا
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور تربت میں فرنٹیئر کانسٹیبلری پر دہشت گردوں کے حملوں میں چار جوان شہید جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے۔ جوابی فائرنگ میں پانچ دہشت گرد مارے گئے اور آٹھ زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ کے قریب پیر اسماعیل زیارت میں ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا، ایف سی اہلکاروں اوردہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پانچ دہشت گرد مارے گئے جبکہ آٹھ زخمی ہوئے۔ دہشت گردوں کے حملے میں چیک پوسٹ پر مامور چار جوان شہید اورچھ زخمی ہوئے۔
دوسرے حملے میں تربت میں ایف سی کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا جس میں 2 اہلکار زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ریاست مخالف عناصربزدلانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں، ملک دشمن امن اوربلوچستان کی خوشحالی کونقصان نہیں پہنچاسکتے، فورسزجانوں کانذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم ارادوں کوناکام بناتی رہیں گی۔
دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو بلوچستان کا امن و ترقی سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ میری دعائیں اور ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ کیساتھ ہیں۔ ان دہشتگردوں کیخلاف ہماری لڑائی جاری رہیگی اور ہم انہیں بلوچستان میں امن و ترقی تاراج کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔