Jun 05, 2021 02:15 pm
views : 248
Location : Domestic Place
Karachi- new seven-day anti-polio drive will be launched in Sindh from June 7
کراچی، صوبہ سندھ میں سات جون سے نئی سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغازہوگا، چورانوے لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کرلیا گیا
سندھ میں ایک ہفتے پر محیط انسداد پولیو مہم کا آغاز سات جون سے ہوگا، مہم کے دوران صوبے بھر میں چورانوے لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔اس ضمن میں صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس ہوا، اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنر، ڈبلیو ایچ او اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ سندھ میں 7 جون سے 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا، صوبے کے چورانوے لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے 30 اضلاع میں حکام نے اجلاس کیے ہیں اور پولیو ورکرز کی ٹریننگ مکمل کی گئی ہے، پولیو ورکرز کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ماسک، پی پی ایز اور ضروری سہولیات دی گئی ہیں۔اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو پولیو مہم بھرپور انداز میں چلانے کی ہدایت کی گئی، چیف سیکریٹری سندھ نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے مقرر کردہ 100 فیصد ہدف حاصل کیے جائیں۔
اس موقع پر وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ عوام پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کرے اور پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ سوشل موبلائیزرز اور انفلوئینسرز کے کردار کو مزید مؤثر بنایا جائے تا کہ انکاری والدین کو آمادہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تمام والدین سے گزارش ہے کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں، صوبے میں اکہتر ہزار سے زائد پولیو ورکرز مہم کا حصہ بنیں گے۔