Jun 05, 2021 03:10 pm
views : 255
Location : Domestic Place
Karachi- PPP has been involved in linguistic politics since its inception, says Mustafa Kamal
کراچی، پیپلز پارٹی کی وجہ سے کراچی میں لاوا پک رہا ہے، دشمن اسے ملک کے خلاف استعمال کرسکتا ہے، مصطفیٰ کمال کہتے ہیں پی پی نے اپنے وجود سے لے کر آج تک لسانی سیاست کی
پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ صوبے بھر سے لوگوں کو بھرتی کر کے کراچی لایا جا رہا ہے جبکہ شہر کے حصے کا پانی بھی شہریوں کو نہیں دیا جا رہا۔ایم کیو ایم نے ہمیشہ منفی سیاست کی اور مہاجروں کے نام پر قبرستان بنا دیئے، ایم کیو ایم ایک بار پھر مہاجر صوبے کے نام پر مہاجروں کا خون بہانا چاہتی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت صوبے میں تعصب کی فضا قائم کر رہی اور لسانی سیاست کر رہی ہے۔سندھ حکومت نے پانی کی کمی کے لیے لاڑکانہ میں احتجاج کا اعلان کیا ہے جبکہ کراچی میں پانی کی کمی کے لیے پی پی نے دوغلی پالیسی اپنائی ہے۔
چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ ہمارے بیانیے میں کوئی یوٹرن نہیں، مہاجر کے نام پرسیاست نہیں کر رہا، اگر مہاجر کے نام پر سیاست کروں گا توسب سے زیادہ مہاجروں کو نقصان ہو گا۔پیپلز پارٹی نے اپنے وجود سے لے کر آج تک لسانی سیاست کی ہے، سندھ میں لسانی بل اور کوٹہ سسٹم لانے والی پیپلز پارٹی ہے۔
مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 13، 14 سال سے سندھ کی حکمران جماعت ہے، مگر اس نے یہاں کوئی کام نہیں کیا، سندھ کی تباہی کی ذمے داری ہی پیپلز پارٹی ہے۔نیشنلائیزیشن کے نام پر اردو بولنے والوں سے نوکریاں چھینی گئیں، مہاجروں میں احساسِ محرومی بڑھتا جا رہا ہے۔