Jun 08, 2021 04:22 pm
views : 216
Location : Domestic Place
Karachi- Passengers in severe distress due to suspension of train service
کراچی،ٹرینوں سروس معطل ہونے سے مسافر شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے، پاکستان ریلویز نے مسافروں کو فنڈز ریفنڈ کرنا شروع کردیئے
سانحہ گھوٹکی کے بعد ٹریک کی بحالی کے سلسلے میں پاکستان ریلویز کی جانب سے ریل سروس معطل ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ایک مسافر شکیل احمد کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہئے کہ آئندہ کسی سانحے سے بچنے کیلئے بہتر حکمت عملی مرتب کی جائے بصورت دیگر آئندہ الیکشن میں عوام حکمرانوں کو جوتے ماریں گے۔
ریلوے اسٹیشنز پر عوام کا جم غفیر دیکھا جارہا ہے، مسافر اپنی منزلوں پر پہنچنے کی امیدیں لئے اسٹیشنز پر موجود ہیں اور ٹرینیں چلنے کے منظر بیٹھے ہیں۔
ایک اور مسافر محمد مبشرکا کہنا تھا کہ گھوٹکی میں ٹرین حادثے پر بہت افسوس ہوا ہے، پاکستان ریلویز کو چاہئے تھا کہ حادثے کے فوری بعد ٹکٹ بکنگ کا عمل فوری طور پر بند کردینا چاہئے تھا اور عوام کو پریشانی سے بچانا چاہئے تھا لیکن جھوٹ بول کر ٹکٹیں فروخت کی گئی، عوام کو پاگل بنایا جارہا ہے۔
دوسری طرف پاکستان ریلویز کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ عوام کو مشکلات سے بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
کلیم انسپکٹر سفیر احمدکا کہنا تھا کہ ریلوے اسٹیشنز پر مسافر آرہے ہیں اور انہیں فنڈز واپس بھی کئے جارہے ہیں، مسافر مطمئن ہیں، ریزرویشن دفتر سے ٹکٹ واپس لئے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز گھوٹکی میں دو مسافر ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد باسٹھ ہوگئی ہے۔