راولپنڈی، آرمی میڈیکل کالج نے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا، قوت سماعت کی بحالی کے دوسو کامیاب آپریشن پر سرجن جنرل نے میڈیکل کور افسران کی تعریف کردی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی میڈیکل کالج نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا، سماعت سے محروم دوسو افراد کے کامیاب آپریشن مکمل کرنے پر سرجن جنرل آف پاکستان لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے آرمی میڈیکل کور کی زبردست کارکردگی کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سماعت سے محروم افراد کے 200 ویں آپریشن مکمل ہونے کے حوالے سے آرمی میڈیکل کالج راولپنڈی میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں سرجن جنرل آف پاکستان لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر مہمان خصوصی تھیں۔
پہلا کاکلیر ایمپلانٹ ایک سپاہی کو 2017ء میں نصب کیا گیا تھا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر اس اہم طبی سہولت کا دائرہ پیدائشی طور پر سماعت سے محروم بچوں تک بڑھایا گیا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے کہا کہ 200 واں کامیاب کاکلیر ایمپلانٹ آرمی میڈیکل کور کی زبردست کارکردگی ہے، سرجن جنرل آف پاکستان نے زمانہ امن و جنگ میں آرمی میڈیکل کور کی گرانقدر خدمات کو سراہا۔