خضدار، مسافر بس کھائی میں جاگری، انیس افراد جاں بحق، پچاس سے زائد زخمی ہوگئے، نعشوں کو ضابطے کی کارروائی اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا
خضدار سے 38 کلومیٹر دور بھلُّونک کی خطرناک کٹائی پر موڑ کاٹتے ہوئے کوچ کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ زخمی اور جاں بحق افراد کو لیویز فورس اور ایدھی ایمبولینسز کی گاڑیوں میں خضدار منتقل کردیا گیا ہےجہاں ٹیچنگ ہسپتال خضدار اور سی ایم ایچ خضدار میں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے ۔
جاں بحق اور زخمی افراد میں بچے جوان اور بوڑھے افراد شامل ہیں۔ کوچ میں سوار افراد درگاہ عالیہ کاکاہیر وڈھ میں منعقدہ مذہبی اجتماع میں شرکت کے بعد سندھ جارہے تھے تمام افراد کا تعلق دادو جوہی سے ہے بس کی چھت پر سوار افراد کی زیادہ تر ہلاکتیں ہوئیں ہیں، زخمی افراد کی جان خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار اسسٹنٹ کمشنرز تحصیلدار لیویز فورس اور ایف سی کے جوان امدادی اور پیرامیڈیکلز اور ڈاکٹرزطبی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ سماجی ورکرحافظ حمیداللہ مینگل اور ان کی ٹیم نے زخمیوں کو جوس پانی دوائی اور ضروری سامان فراہم کیا۔