این سی او سی نے 26 ممالک کے مسافروں پر سفری پابندیاں عائد کردیں
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 26 ممالک کو سی کیٹیگری میں شامل کرتے ہوئے وہاں سے مسافروں کی پاکستان آمد پر پابندی لگادی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ان ممالک میں بھارت، بنگلہ دیش، ایران، عراق، انڈونیشیا اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
دوسری جانب ہسپتالوں میں داخل کووِڈ مریضوں کی تعداد 60 فیصد تک کم ہوگئی اور کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح بھی 4 فیصد سے کم ہے۔
وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے کہا کہ پاکستان نے کووِڈ 19 سے نمٹنے کے لیے 3 کیٹیگریز متعارف کروائی ہیں۔
ان میں اے کیٹیگری میں شامل ممالک کو لازمی کووِڈ ٹیسٹ سے استثنیٰ دیا گیا ہے، کیٹیگری بی میں شامل ممالک سے آنے والوں کے لیے 72 گھنٹوں کے اندر کروائے گئے پی سی آر ٹیسٹ کا منفی نتیجہ لازمی ہے جبکہ کیٹیگری سی میں شامل ممالک پر پابندی ہے اور یہاں سے لوگ این سی او سی کی خصوصی گائیڈ لائنز کے تحت ہی آسکتے ہیں۔
ڈان کے پاس دستیاب دستاویزات کے مطابق این سی او سی نے فضائی اور زمینی سفر کی کیٹیگریز پر نظرِ ثانی کی ہے جس کا اطلاق فوری ہوگا۔
دستاویز کے مطابق بھارت، ایران، بنگلہ دیش، بھوٹان، انڈونیشیا، عراق، مالدیپ، نیپال، سری لنکا، فلپائن، ارجنٹینا، برازیل، میکسکو، جنوبی افریقہ، تیونس، بولیویا، چلی، کولمبیا، کوسٹا ریکا، ڈومینیکن ری پبلک، ایکواڈور، نمیبیا، پیراگوئے، پیرو، ترنداد اور توباگو کے علاوہ یوراگوئے کو کیٹیگری 'سی' میں رکھا گیا ہے۔
دیگر تمام ممالک کو 'بی' کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے جہاں سے آنے والے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کا منفی نتیجہ لازمی ہے۔