Sep 18, 2021 03:07 pm
views : 249
Location : Domestic Place
Sialkot- PML-N will win next general elections: Shehbaz Sharif
سیالکوٹ، اگلا الیکشن (ن) لیگ کا ہوگا، شفاف انتخابات کرانا ہونگے، اس بار جھرلو نہیں چلے گا، شہباز شریف کہتے ہیں عمران نیازی نے لوگوں کے ساتھ فراڈ کیا
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگلا الیکشن مسلم لیگ (ن) کا ہوگا، شفاف انتخابات کرانا ہوں گے، اس بار جھرلو نہیں چلے گا، عمران نیازی نے لوگوں کے ساتھ فراڈ کیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہتے تھے ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہو جائے تو وزیراعظم چور ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 170 تک پہنچ گیا، اب چور کون ہے ؟ اس کرپٹ حکومت کے خلاف ہمیں جنگ لڑنی ہو گی، جادو ٹونا کی بات کروں تو اعتراض کیا جاتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن میں کامیابی معمولی معرکہ نہیں، کنٹونمنٹ بورڈز وہ علاقے ہیں جہاں پی ٹی آئی نے جنم لیا تھا، اسی جنم بھومی میں پی ٹی آئی کی سیاسی موت ہوگئی۔
قبل ازیں لیگی رہنما خواجہ آصف نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کنوٹنمنٹ بورڈ انتخابات ایک فیصلہ کن سروے ہے، اگر الیکشن شفاف ہونگے تو نواز شریف کے سپاہی کراچی سے پشاور تک جیتیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کیخلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، حکومت کے ہر جھوٹے مقدمے نے ہمارے حوصلے کو بلند کیا، مسلم لیگ ن نے وفاق اور صوبے میں خدمت کا معیار قائم کیا، یہ جتنا مرضی جھوٹ بول لیں، عوام کے دلوں سے ن لیگ کو نہیں نکال سکتے۔