Sep 20, 2021 02:53 pm
views : 262
Location : Domestic Place
Islamabad- Will 40 buses solve Karachi's problems? Shahid Khaqan Abbasi
اسلام آباد، کیا چالیس بسوں سے کراچی کے مسائل حل ہوسکیں گے؟ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سوال اٹھادیا، کہتے ہیں موجودہ حکمران نواز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگاکر خوش ہوجاتے ہیں
سابق وزیر اعظم اور پاسکتان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ گرین لائن منصوبہ نواز شریف کا سندھ کے لئے تحفہ تھا، کیا 40 بسوں سے کراچی کے مسائل حل ہوسکیں گے؟
احتساب عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما نون لیگ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ روڈ نیٹ ورک بنا دیا لیکن تین سال ہوگئے بسیں نہیں آسکیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایک کے بعد ایک ٹینڈرز منسوخ ہو رہے ہیں معلوم کرلیں کون پیسے مانگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے منصوبے مکمل کرنا تو دور کوئی منصوبے شروع نہیں کئے، یہ نواز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگا کر خوش ہوجاتے ہیں۔
رہنما نون لیگ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے خوش رہیں، پورا پاکستان جانتا ہے یہ منصوبے کس کے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے کوئی ایک منصوبہ دکھا دیں جو انہوں نے شروع کیا ہو۔