Sep 22, 2021 12:17 pm
views : 243
Location : Supreme Court of Pakistan
Karachi- Shame on Sindh government, whole Karachi is full of filth, Supreme Court Remarks
کراچی، شیم آن سندھ حکومت، پورا کراچی گند سے بھرا ہے، چیف جسٹس گلزار احمد کے ریمارکس، کہتے ہیں سب پیسہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گجر نالہ متاثرین کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ جس بلڈنگ کو اٹھاؤ اس کا برا حال ہے، سٹرکیں خراب، بچے مریں، کچھ بھی ہو، یہ کچھ نہیں کرنے والے، یہی حال سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کا ہے، سب پیسہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں، سیاسی جھگڑے اپنی جگہ مگر لوگوں کے کام تو کریں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ ابھی پیسے آئے نہیں، سارا جہان پیسے لینے آگیا، جب گاڑیاں خریدنی ہوتی ہیں تو پیسے آجاتے ہیں، اگر کوئی آفت آجائے تو کیا ایک سال تک بجٹ کا انتظار کریں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جب تک متاثرین کو گھر نہیں دیتے، وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس الاٹ کر دیتے ہیں، لوگوں کو کہتے ہیں وہ وزیراعلٰی، گورنر ہاؤس کے باہر ٹینٹ لگا لیں۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا بتائیں جنہوں نے زمینیں الاٹ کیں، انکے خلاف کیا ایکشن لیا۔ اس پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ یہ تو 40 سال پرانا مسئلہ ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں، آپ کی ترجیحات کچھ اور ہیں، کراچی تو گاربیج دکھائی دیتا ہے، کوئی نہیں دیکھنے والا، حکمران طبقے کو کوئی پرواہ ہی نہیں۔