لاہور،
منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ کو تفتیشی ٹیموں سے مکمل تعاون
کا حکم، ایف آئی اے نے شواہد سے بھرے چار باکس عدالت کے روبرو پیش کردیئے
بنکنگ
عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ کو تفتیشی ٹیموں سے مکمل
تعاون کا حکم دیتے ہوئے دونوں کی ضمانت میں 9 اکتوبر تک توسیع کردی۔ایف
آئی اے بنکنگ عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی تو شہباز شریف اور
حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوگئے۔ ایف آئی اے نے شواہد سے بھرے چار باکس
عدالت کے روبرو پیش کردیے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان نے عدالت کو
بتایا کہ 2020 میں شوگر انکوائری کمشن بنا، جس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ
شوگر ملز بڑے پیمانے پر مالیاتی فراڈ میں ملوث ہیں۔
شہباز شریف نے عدالت
کو بیان میں بتایا کہ آفیسر نے عدالت کو جو باتیں بتائیں یہ غلط بیانی ہے،
میں اس شوگر مل سے کوئی تنخواہ نہیں لیتا، میں اس شوگر مل میں نہ شیئر
ہولڈر ہوں، نہ ڈائریکٹر ہوں، نہ عہدیدار ہوں، یہ اثاثہ میرے والد نے بنایا
جسے میں نے اپنے بچوں کو منتقل کردیا، میں نے تو اپنے خاندان کو شوگر کی مد
میں اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔
ایف آئی اے بینکنگ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت میں 9 اکتوبر تک توسیع کردی۔