حضرت داتا گنج بخش ؒ کا 978 واں عرس، تقریبات شروع
لاہور
جن کی نسبت سے داتا کی نگری کہلاتا ہے، ان کا نام علی بن عثمان ہجویری
المعروف داتا صاحب ؒ ہے، داتا گنج بخش ؒ کے 978 ویں سالانہ عرس کی 3 روزہ
تقریبات آج سے شروع ہو گئی ہیں۔
حضرت داتا صاحب تقریباً 1 ہزار سال قبل افغانستان سے لاہور تشریف لائے اور بھا ٹی دروازے کے قریب قیام فرمایا۔
اپنے اخلاق اور حُسنِ کردار سے غیر مسلموں کو گرویدۂ اسلام کیا، ان کی بے مثل تصنیف کشف المحجوب تصوف پر سند قرار دی جاتی ہے۔
داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات کے سلسلہ میں مزار کو غسل دیا گیا
داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات 26 تا 28 ستمبر جاری رہیں گی۔
داتا
صاحبؒ کے عرس پر لنگر کے انتظامات مکمل ہیں، دودھ کی سبیلیں بھی لگائی
جارہی ہیں، مٹھائیوں اور دیگر اشیاء کی دکانیں بھی سج گئیں۔
ابتدائی طبی
امداد کے لے ڈسپنسری، زائرین کے لیے 3 درجاتی سیکیورٹی اور کورونا وائرس
کی ایس او پیز کی پابندی کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔
عرس سے قبل تصوف پر عالمی کانفرنس منعقد کی گئی ہے جبکہ عرس کے دوران قرأت، نعت خوانی اور سماع کی محفلیں عروج پر ہوں گی۔
سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کے مطابق حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس کی تقریبات 26 سے 28 ستمبر تک 3 روز جاری رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ عرس کے دوران متصل سڑکوں پر 3 ڈی ایس پیز، 52 انسپکٹرز، 654 وارڈنز ٹریفک کی روانی کے لیے تعینات کیئے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے مزید بتایا کہ چوبرجی سے آنے والوں کو ساندہ روڈ سے بھیج دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اندرونِ شہر سرکلر روڈ پر آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔